news-details
لاہور

وزیرِاعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیرِاعلی پنجاب عثمان بزدار کی ملاقات

لاہور:(جمعرات 10 مارچ 2022ع) وزیرِاعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور وزیرِاعلی پنجاب عثمان بزدار نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیاسی محاذ پر پہلا اور اہم مرحلہ اسلام آباد ہے، حکومت سیاسی محاذ پر پر اعتماد اور مستحکم ہے، پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں صوبے کے انتظامی امور اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت پارٹی کی سینئر قیادت کا اہم اجلاس ہوا، جس میں شاہ محمود قریشی، فرخ حبیب، اسد عمر، حماد اظہر، شفقت محمود سمیت قانونی ٹیم بھی شریک ہوئی۔ اجلاس میں تحریک عدم اعتماد سے نمٹنے سے متعلق مشاورت کی گئی۔ سینیر رہنماؤں نے موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تجاویز دی اور عدم اعتماد کی تحریک کے قانونی پہلووں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اتحادیوں سے ہونے والی ملاقاتوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اتحادیوں کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ سینئر رہنماؤں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنائیں گے، اپوزیشن کے کئی ارکان ہمارا ساتھ دیں گے، ہم نے اپنا ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، اپوزیشن کو کچھ دن خوش ہو لینے دیں، سرپرائز دیں گے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والا نہیں ، ایسا پلان تیار کر رکھا ہے ان کو سمجھ نہیں آنی، پہلے بھی اس مافیا کا مقابلہ کیا اب بھی کروں گا، عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سب کا حساب چکتا کر دوں گا، پنجاب میں پیدا ہونے والے حالات پر قابو پالیں گے، تمام ارکان میرا ساتھ دیں گے، پریشانی کی کوئی بات نہیں، اجلاس میں آئندہ کی حکمت عملی طے کر لی گئی۔