مخالفین خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کچھ عرصہ مزید رہا تو یہ سب جیلوں میں ہونگے: وزیراعظم

news-details

سوات:(بدھ 15 مارچ 2022ع) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا سندھ ہاؤس ہارس ٹریڈنگ کا مرکز، بوریوں میں بھرے پیسے سے لوگوں کے ضمیر خریدے جارہے ہیں، مخالفین خوفزدہ ہیں کہ عمران خان کچھ عرصہ مزید رہا تو یہ سب جیلوں میں ہونگے، آنے والے دن فیصلہ کن، تینوں چوہوں کا شکار کر کے دکھاؤں گا، ایک ہی گیند سے 3 وکٹیں گراؤں گا۔ سوات میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سوات کے جنونی ٹائیگرز کا شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتا ہوں، بلدیاتی الیکشن میں صرف بلے کو ووٹ دینا ہے، تحریک انصاف کے نوجوان جوبلے کے خلاف کھڑے ہوئے وہ بیٹھ جائیں، ہم نے بلدیاتی الیکشن جیتنا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آج صبح اٹھ کراللہ کا شکرادا کیا، آج میرے لیے بہت خوشی کا دن ہے، اسلاموفوبیا کے خلاف قرارداد پاس کرانے کے لیے تین سال سے کوششیں کر رہے تھے، گستاخانہ خاکوں پر میں نے فیصلہ کیا تھا دنیا میں کیس لڑوں گا، پاکستان کی قرارداد کو57 ممالک نے مل کر پیش کیا، پوری دنیا کے مسلم ممالک سے مجھے مبارکباد کے پیغام آ رہے ہیں، آج بیرون ملک پاکستانی اور مسلمان بہت خوش ہے، کل بھارت کی عدالت نے فیصلہ دیا کہ مسلمان لڑکیاں حجاب نہیں کرسکتیں، اس کو کہتے ہیں اسلاموفوبیا، بھارت کی حکومت اسلام کے خلاف کام کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب میں مسلمانوں کے خلاف مہم چلائی گئی، مغرب نے دہشت گردی اور اسلام کو اکٹھا کر دیا تھا، اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، ایسے تاثر دیا گیا جیسے اسلام کی وجہ سے دہشت گردی ہوتی ہے، تمام مسلم ممالک سے کہا اسلاموفوبیا کے خلاف ہم سب کومتحد ہونا ہوگا، اقوام متحدہ میں اسلاموفوبیا کے خلاف میں نے آوازبلند کی، شکر ہے ہماری کوششوں کی وجہ سے اقوام متحدہ نے قرارداد پاس کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مولانا سے پوچھتا ہوں 30 سال سے دین کے نام پر سیاست کر رہے ہو، کیا کبھی مولانا فضل الرحمان نے کسی سے اسلاموفوبیا کے خلاف بات کی؟ 15 مارچ ہر سال اسلاموفوبیا کے خلاف دن منایا جائے گا، 30 ،30 سال اقتدار کی باریاں لینے والوں نے کیا کبھی اقوام متحدہ، اوآئی سی میں اسلاموفوبیا کے خلاف بات کی؟ نوازشریف جب اوباما کے ساتھ بیٹھے تھے ایک پرچی اسلاموفوبیا، کشمیر کی بھی پکڑلیتے، پیسے کی پوجا کرنے والوں کی امریکی صدر کے سامنے ٹانگیں ’کانپیں‘ گی، اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، ڈرون حملوں پر نوازشریف، زرداری نے کبھی احتجاج نہیں کیا تھا، اگر میرے بھی بیرون ملک بڑے محلات ہوتے تو میں بھی پرچیاں لیکر بیٹھا ہوتا، ان کے چوری کے پیسوں نے قوم کو غلام بنایا، انہوں نے قوم کا پیسہ چوری کر کے ملک کو مقروض کردیا، انہوں نے ملکی مفادات کو اپنی ذات کے لیے قربان کیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ تین کرپٹ چوہے میرا شکار کرنے کے لیے اکٹھے ہوگئے ہیں، میں آپ لوگوں کو ان تینوں کا شکار کر کے دکھاؤں گا.