سندھ ہاوس پر دھاوا بولنے والے پی ٹی آئی کے گرفتار 13 کارکنان ضمانت پر رہا

news-details

اسلام آباد:(هفته 19 مارچ 2022ع) سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار 13 کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کے 12 باغی اراکین سامنے آنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا دروازہ توڑا تھا۔
اسلام آباد میں سندھ ہاؤس کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد ہاتھوں میں لوٹے اٹھائے سندھ ہاؤس کے قریب پہنچ گئی، کارکنان کی جانب سے شدید نعرے بازی کی گئی۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولتے ہوئے دروازہ توڑ دیا اور ہاؤس میں داخل ہو گئے۔ اس دوران کارکنوں نے وزیراعظم عمران خان کے حق میں نعرے لگائے۔
پی ٹی آئی کے کراچی سے ایم این اے فہیم خان بھی سندھ ہاؤس کے باہر مظاہرے میں شریک تھے۔ اب گرفتار 13 کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے، کارکنوں کے خلاف کارسرکار میں مداخلت ،سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا اسسٹنٹ کمشنر انیل سعید نے رات گئے تمام کارکنوں کی ضمانت لی تھی ۔ ادھر پی ٹی آئی کارکنوں کے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولنے کے بعد سندھ حکومت نے دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق حملہ کرنے والوں کو نامزد کیاجائے گا، پی ٹی وی پر حملے کا مقدمہ بھی انہی دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔