او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا 2 روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع

news-details

اسلام آباد:(منگل 22 مارچ 2022ع) او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کا 2 روزہ اجلاس اسلام آباد میں شروع ہو گیا جس میں 48 رکن ممالک کے وزرا شریک ہیں، وزیراعظم عمران خان بھی افتتاحی سیشن میں موجود ہیں۔ تاریخ ساز لمحہ آ گیا، پاکستان کی میزبانی میں او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کا اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے، اجلاس میں 150 سے زائد قراردادیں منظور کئے جانے کا امکان ہے جو کشمیر، فلسطین، اسلامو فوبیا، اُمّہ کے اتحاد سمیت مختلف مسائل و معاملات سے متعلق ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا خطاب
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ او آئی سی 2 ارب مسلمانوں کی مشترکہ آواز اور مسلم امہ کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کیلئے کام کر رہی ہے، پاکستان او آئی سی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، پاکستان نے افغانستان سے متعلق او آئی سی خصوصی اجلاس کی میزبانی کی، افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے ٹرسٹ فنڈ قائم کیا گیا اور افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی بھی مقررکیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے اسلامو فوبیا کیخلاف قرارداد کیلئے کردار ادا کیا، اقوام متحدہ نے ہماری آواز پر 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے متعلق عالمی دن مقرر کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم ممالک کو مشرق وسطیٰ میں تنازعات کا سامنا ہے، مشرق اور مغرب کے درمیان کشیدگی سےعالمی امن کو خطرہ لاحق ہے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ جنرل اسمبلی میں اسلامو فوبیا کے خلاف قرارداد کا منظور ہونا مسلم امہ کی کامیابی ہے، اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی دن بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں معاون ہو گا۔ انسانی بنیادوں پرٹرسٹ فنڈ کا قیام ایک خوش آئند اقدام ہے، اس فنڈ کے ذریعے نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد کی جا سکے گی، عالمی قراردادوں کےمطابق فلسطین کے مسئلے کا پرامن حل چاہتے ہیں، یمن کے عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کر رہے ہیں، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئےعالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے۔