news-details
لاہور

آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

لاہور:(جمعه 25 مارچ 2022ع) آسٹریلیا نے پاکستان کو تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے شکست دیکر لاہور ٹیسٹ اور سیریز اپنے نام کر لی ہے۔ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین آخری ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس کے آخری روز پاکستانی بیٹرز کی جانب سے انتہائی ناقص بلے بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور گرین کیپس نے جیتی ہوئی بازی کینگروز کی جھولی میں ڈال دی۔
مہمان ٹیم کے 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بابر الیون 235 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اس طرح مہمان ٹیم نے سیریز ایک ، صفر سے جیت لی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے دونوں میچ بغیر نتیجہ ختم ہوئے تھے۔ پاکستان نے آخری روز بغیر کسی نقصان کے 73 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، 77 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ گر گئی، عبداللہ شفیق 27 رنز بنا کر کیمرون گرین کی گیند پر پویلین واپس لوٹ گئے، اظہر علی کو لیون نے شکار کیا، انہوں نے صرف 17 رنز بنائے۔
بابر اعظم نے سب سے زیادہ 55 رنز کی اننگز کھیلی، فواد عالم 13 ، محمد رضوان 1، ساجد خان 6، نعمان علی، حسن علی اور نسیم شاہ صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی سکور بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے ایک مرتبہ پھر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کا شکار کیا، مچل سٹار نے 4 اور نیتھن لیون نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔