اسلام آباد:(هفتہ 26 مارچ 2022ع) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے عزم ظاہر کیا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں حزب اختلاف کے عوامی اجتماع کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور عدالتوں کی ہدایات کے مطابق سرینگر ہائی وے سمیت تمام بڑی شاہرائیں کھلی رکھی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سرینگر ہائی وے پر جلسہ کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سرینگر ہائی وے کو سکیورٹی کیلئے ایف سی اور رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو دانشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہئے اور کسی سیاسی محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہئے۔ ادھروزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں دہشت گردوں کے ایک گروہ کی افغانستان سے پاکستانی علاقے میں دراندازی کی کوشش کی شدید مذمت کی ہے۔
وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری افواج ایسے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنا رہی ہے۔انہوں نے شہید اہلکاروں کیلئے جنت میں بلند درجات اور غمزدہ خاندانوں کیلئے صبر کی دعا کی۔