تمھیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا: شیخ رشید

news-details

اسلام آباد:(اتوار 27 مارچ 2022ع) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو پیغام میں کہا ہے کہ تمھیں کچھ نہیں ملنے والا، عمران خان تحریک عدم اعتماد میں نہ بچا تو دوتہائی اکثریت سے واپس آئے گا۔ وہ آئے گا اور چھا جائے گا، تم دیکھتے رہ جاو گے۔ جے یو آئی کو شوکاز نوٹس دیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان شام ساڑھے 5 بجے جلسہ سےخطاب کریں گے، ہم نے کل جے یو آئی کو جلسےکی اجازت دی تھی۔ آج جے یو آئی اپنی مرضی سے بیٹھی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ نے سڑکیں کھلی رکھنے کا حکم دیا، ان پر مقدمہ درج کرائیں گے، جے یو آئی کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ عوام کی سلامتی ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مال سے لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، مال ہی ان کا مائی باپ ہے، صدام کامال نہیں چھوڑا، بن لادن کامال نہیں چھوڑا۔ جب ضرورت پڑتی ہے تو یہ بھگوڑے بھاگ جاتے ہیں، عمران خان آخری گیند تک ان کےساتھ کھیلے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ یہ بیماریوں کومینج کر کے بھاگنے والے لوگ ہیں، بھاگ تو شہباز شریف بھی رہے تھے، ایئرپورٹ پر پکڑ لیا، یہ ووٹ کوعزت دے رہے ہیں، واجبی سی ریلی لاہور سے آ رہی ہے۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ 28 مارچ کو تحریک عدم اعتمادپیش ہوگئی تو 3 یا 4 اپریل کوووٹنگ ہوگی۔ ان کی نااہلی اور نالائقی سے عمران خان مقبول ہو گیا، پورا اسلام آباد کھلا ہے، افواہوں پر جانے کی ضرورت نہیں، لندن سے فوج کیخلاف جو کہا اس پر یہ چلو بھر پانی میں ڈوب مریں۔