بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ: جے یو آئی 4، پی ٹی آئی 2، 3 آزاد امیدوار کامیاب

news-details

پشاور:(جمعه 01 اپريل 2022ع) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں تحصیل چیئرمین کی 65 میں سے 10 نشستوں کےغیر حتمی نتائج کے مطابق جے یو آئی 4 سیٹوں پر کامیاب جبکہ 3 آزاد امیدوار جیت گئے۔ پی ٹی آئی 2 نشستوں اور جماعت اسلامی ایک پر کامیاب ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں الیکشن کا انعقاد کیا گیا، ایبٹ آباد، اورکزئی، کرم، شمالی وزیرستان، کولائی پلاس، لوئر کوہستان، مانسہرہ، جنوبی وزیرستان، اپر کوہستان، لوئر چترال، اپر دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، لوئر دیر، اپر چترال میں پولنگ ہوئی۔ 15 سو سے زائد پولنگ سٹیشن کو حساس قرار دیا گیا، جہاں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ 54 ہزار سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔
ضلع بٹگرام کی تحصیل چیئرمین آلائی کے غیر حتمی مکمل نتیجے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) جے یو آئی کے مفتی غلام اللہ 9 ہزار 800 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گوھرعلی خان 8 ہزار77 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔
ضلع سوات کی تحصیل چار باغ کے چیئرمین کے انتخابات کے لئے مکمل غیر حتمی نتیجہ کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) جے یو آئی کے احسان اللہ 12 ہزار 723 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حیدر علی 7 ہزار 562 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ضلع مانسہرہ کی تحصیل دربند کے چیئرمین کے انتخابات کے لئے مکمل غیر حتمی نتیجہ کے مطابق آزاد امیدواردلبر خان 3425 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار غلام مرتضی 2630 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔