پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کرلیا

news-details

راولپنڈی:(هفته 09 اپريل 2022ع) پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کرلیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین تھری کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل افتخار بابر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کا مقصد ہتھیاروں کے نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کو دوبارہ جانچنا تھا۔ آئی ایس پی آر کی آفیشل ٹوئٹر اکاونٹ سے جاری کیے گئے پیغام کے ساتھ شاہین تھری کے تجربے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ حالیہ تجربے سے شاہین بیلسٹک میزائل کے ڈیزائن اور تکنیکی پہلوؤں کی ایک بار پھر توثیق کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ شاہین تھری پاکستان کا جدید ترین درمیانی حدِ ضرب والا بیلسٹک میزائل (ایم آر بی ایم) ہے جو زمین سے زمین پر 2750 کلومیٹر کے فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بناسکتا ہے، اور یہ اپنے ہدف کو 22,226 کلومیٹر فی گھنٹہ (آواز سے 18 گنا زیادہ) تیز رفتاری سے تباہ کرسکتا ہے، اس رینج اور رفتار کا مطلب یہ ہے کہ بھارت سے جنگ کی صورت میں شاہین تھری بیلسٹک میزائل دہلی کو صرف تین منٹ میں نشانہ بناسکے گا اور بھارتی فوج کے پاس اس کا کوئی توڑ نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں شاہین تھری میزائل سے بھارت کے اُن سب سے دور دراز فوجی اڈوں کو بھی صرف 15 منٹ میں تباہ کیا جاسکے گا جو جزائر نکوبار و انڈمان میں واقع ہیں۔