پی ٹی آئی فرضی خط کی آڑ میں نئے بیانیے کی تلاش میں نکل پڑی ہے:شیری رحمان

news-details

اسلام آباد:(بدهه 13 اپريل 2022ع) شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی طرز سیاست کی وجہ سے ملک میں گالم گلوچ بڑھ رہا ہے، پی ٹی آئی فرضی خط کی آڑ میں نئے بیانیے کی تلاش میں نکل پڑی ہے عمران خان کے مشتعل کارکنان ایک بہت ہی خطرناک رجحان پیدا کر رہے ہیں۔ پیپلزپارٹی کی نائب صدر و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کارکنان سوشل میڈیا اور عام زندگی میں وہی عمل کرتے ہیں جو قیادت کہتی ہے، پی ٹی آئی قیادت اس تمام صورتحال کی ذمہ دار ہے، عوام کے کارکردگی متعلق سوالات سے بچنے کے لئے امریکہ مخالف بیانیہ بنایا جا رہا ہے، لوگ آپ کے بیانیہ کی سیاست سے تنگ آ چکے ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کہ پوری قوم کو معلوم ہے آپ صرف ووٹ کے لئے نیا بیانیہ بنا رہے ہیں، آپ کارکان سے وہ نعرے لگوا رہے ہیں جو آپ خود نہیں لگا سکتے، پی ٹی آئی کا کرپشن کے خلاف بیانیہ بھی جھوٹ پر مبنی تھا، پی ٹی آئی کی حکومت سے پہلے پاکستان کرپشن انڈیکس میں 117 ویں نمبر پر تھا، پی ٹی آئی حکومت کی وجہ سے 2021 میں پاکستان 140 ویں نمبر پر پہنچ گیا، اب جب کرپشن اور احتساب کا بیانیہ بے نقاب ہو گیا ہے، پی ٹی آئی فرضی خط کی آڑ میں نئے بیانیے کی تلاش میں نکل پڑی ہے۔