وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا، وفاقی کابینہ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا

news-details

اسلام آباد:(جمعه 15 اپریل 2022ع) وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادیوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا، وفاقی کابینہ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا
وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کو آج افطار ڈنر پر مدعو کرلیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی، مولانا فضل الرحمان اور دیگر اتحادی رہنماؤں کو دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سیاسی صورتحال کے علاوہ حکومت سازی کے امور بھی زیر غور آئیں گے جبکہ دعوت میں کابینہ کی تشکیل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کابینہ ارکان کا اعلان بھی آج متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی تشکیل کے لیے قائم خصوصی کمیٹی نے اپنی رپورٹ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کردی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کو 13، پیپلزپارٹی کو 10 اور جے یو آئی ف کو 3 وزارتیں دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔
ایم کیو ایم، بی اے پی اور دیگر اتحادیوں کو بھی ان کی نشستوں کے مطابق نمائندگی دی جائے گی۔ بلوچستان سے شاہ زین بگٹی اور پی ڈی ایم کے علی وزیر کو بھی کابینہ میں شامل کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے اسپیکر کا عہدہ پیپلزپارٹی کو دیا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جمعیت علمائے اسلام کو دیا جائے گا۔ پہلے مرحلے کی وفاقی کابینہ کل شام یا پرسوں حلف اٹھائے گی۔