ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا

news-details

اسلام آباد:(جمعه 15 اپریل 2022ع) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے احساس پروگرام اور پناہ گاہیں بند کرنے کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔ مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد قومی اسمبلی میں پہلے خطاب میں واضح کیا تھا کہ عوامی خدمت کے منصوبے جاری رہیں گے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نہ صرف جاری رہے گا بلکہ اسے مزید توسیع دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو بچوں اور بچیوں کی تعلیم کا ذریعہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور کوئی پروگرام بند نہیں ہوا۔ عوام کی بھلائی کے ہر منصوبے کو مزید بہتر بنائیں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کا شروع کردہ صحت کارڈ اسی طرح چلتا رہے گا اور اسے مزید بہتر بنائیں گے۔ یہ جھوٹ وہ پھیلا رہے ہیں جنہیں وزیر اعظم کی کرسی اور کنٹینر پر جھوٹ بولنے کی عادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا سے بھی گزارش ہے وہ ایسی بے بنیاد اطلاعات کو جگہ دینے سے اجتناب کرے گا اور اللہ تعالی کا شکر ہے کہ آج ملک میں ایک منتخب وزیر اعظم ہے جو عوام کا دکھ درد اور احساس رکھتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج ملک میں ایسا منتخب وزیر اعظم ہے جو عوام کے لیے فراخ دلی اور اُن کی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے۔ جو عوامی اور قومی سلامتی کے ایشوز کو اپنی سیاست کے لیے استعمال نہیں کرتا۔