news-details
لاہور

نئی حکومت میں عہدوں کی تقسیم کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا، نیا صدر مملکت کون ہوگا؟ وفاقی کابینہ کی تشکیل میں بڑی رکاوٹ

لاہور:(جمعه 15 اپریل 2022ع) نئی حکومت میں عہدوں کی تقسیم کا فیصلہ تاحال نہ ہوسکا، صدر پاکستان کون ہوگا؟ اس بات کا فیصلہ نہ ہونا وفاقی کابینہ تشکیل میں بڑی رکاوٹ بن گیا۔
عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد نئی حکومت میں عہدوں کی تقسیم کے حوالے سے اختلافات سامنے آرہے ہیں۔ صدر مملکت کے عہدے پر کسے مقرر کیا جائے گا؟ آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمن اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں جس کے سبب تاحال نئے صدر کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
پیپلز پارٹی آصف علی زرداری کا بطور صدر پاکستان نام تجویز کر چکی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف بلاول بھٹو زرداری کو وزیر خارجہ سمیت مزید 9 وفاقی وزارتیں دینے پر متفق ہیں اور چیئرمین سینیٹ کا عہد ہ بھی پیپلز پارٹی کو دینے کے لیے تیار ہیں لیکن صدر کے عہدے کے لیے نظر ثانی کا کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر خارجہ بننے کو بھی پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے مشروط کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کو گورنر پنجاب، سینئر وزیر سمیت پنجاب میں دیگر وزارتیں ملیں گی۔ آئندہ الیکشن میں پنجاب کی قومی اور صوبائی اسمبلی پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فارمولا طے ہونا باقی ہے۔
پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ معاملات کافی حد تک کلیئر ہوگئے ہیں، آصف علی زرداری کو صدر بنانے کے لیے پارٹی عہدے داروں کا دباؤ ہے۔