پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، ایسے شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں: عمران خان

news-details

اسلام آباد:(پير 18 اپریل 2022ع) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے، ہم ایسے شرمناک قبضہ شدہ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے عمران خان نے لکھا کہ پنجاب اسمبلی کا واقعہ تمام جمہوری اصولوں اور آئین کے خلاف تھا، ایوان میں کوئی نہیں تھا جو فرضی الیکشن کنڈکٹ کرا رہا ہو، معمول کےعمل کی خلاف ورزی کی گئی۔
قبل ازیں سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چودھری پرویز الٰہی پر تشدد کیا گیا اور انکا بازو زخمی کیا گیا، اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، پولیس کا اسمبلی کے اندر آنا اور ایم پی اے پر تشدد کیا اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، پوری دنیا کی اسمبلی میں کوئی باہر کے لوگ نہیں آتے، غنڈے نہیں آتے، حمزہ کے غنڈوں نے بھی دھاوا بولا۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ وہی جماعت ہے جنہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا، ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو شہید کیا اور انکا طریقہ واردات ہے ڈرانا دھمکانا، انکا یہ خیال ہے کہ ہم خاموشی سے بیٹھ جائیں گے، انکی بھول ہے ضلعی حکومت نے ابھی تک لاہور جلسے کی اجازت نہیں دی، ہمارے بینرز اور پوسٹرز کو اتار کر اپنے لگائے جارہے ہیں۔