مظفر آباد: پی ٹی آئی کے سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

news-details

مظفر آباد:(پير 18 اپریل 2022ع) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ وزیراعظم آزادکشمیر منتخب ہوگئے۔ نومنتخب وزیراعظم تنویر الیاس آج حلف اٹھائیں گے۔ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں متحدہ اپوزیشن کی تین جماعتوں نے بائیکاٹ کیا۔ اپوزیش لیڈر نے کہا کہ پی ٹی آئی آزاد کشمیر میں پنجاب کی طرح غنڈہ گردی چاہتی ہے۔ خیال رہے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ارکان کی کل تعداد 53 ہے۔
وزیراعظم آزادکشمیر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ دن ڈیڑھ بجے ہونا تھی لیکن متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس کا بائیکاٹ کر دیا جس کے باعث پی ٹی آئی امیدوار کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سردار تنویر الیاس نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں سیکرٹری اسمبلی نے درست قرار دیا جس کے بعد سردار تنویر الیاس بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہوگئے۔
دوسری جانب اپوزیشن اراکین جب اسمبلی سے باہر نکلے تو پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کیا، اس دوران کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی جس میں گالم گلوچ اور تلخ جملوں کا استعمال کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کے باعث متحدہ اپوزیشن کے ارکان واپس اسمبلی عمارت میں داخل ہوگئے اور انہوں نے اسپیکر سے اس صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔