ایوان صدر میں وفاقی وزرا کی تقریب حلف برداری، قائم مقام صادق سنجرانی نے وفاقی وزرا سے حلف لیا

news-details

اسلام آباد:(منگل 19 اپریل 2022ع) ایوان صدر میں وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، اتحادی جماعتوں کی کابینہ کا مجموعی حجم 37 ارکان پر مشتمل ہے۔ قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے وفاقی وزرا سے حلف لیا۔ حکومتی اتحاد نے اقتدار سنبھالنے کے تقریبا ایک ہفتہ کے بعد وفاقی کابینہ کو حتمی شکل دی، کابینہ 37 ارکان پر مشتمل ہے جس میں 31 وفاقی وزرا، 3 وزرائے مملکت اور 3 مشیر شامل ہیں۔ وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ ن کے 13، پیپلزپارٹی کے 9 ارکان شامل ہیں جبکہ جے یو آئی 4، ایم کیوایم کے 2 ارکان کو بھی وفاقی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، خرم دستگیر، رانا تنویر، مریم اورنگزیب، سعدرفیق، ریاض حسین پیرزادہ، اعظم نذیر تارڑ ، جاوید لطیف، مرتضی جاوید عباسی اور مفتاح اسماعیل نے حلف اٹھایا۔ پیپلز پارٹی کے وفاقی وزرا میں خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمان، مرتضیٰ محمود، احسان الرحمان مزاری، عابد حسین بھایو، ساجد طوری، عبدالقادر پٹیل اور شازیہ مری شامل ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے امین الحق اور فیصل سبزواری بھی وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے اسعد محمود ، مولانا عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، سینیٹر طلحہٰ محمود کو بھی وزارت مل گئی، بی اے پی کے اسرار ترین، جے ڈبلیو پی کے نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ بھی وفاقی کابینہ میں شامل ہیں۔ عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر، عبدالرحمان کانجو اور مصطفیٰ نواز نے بطور وزیر مملکت حلف اٹھایا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ، ن لیگ کے امیر مقام اور جہانگیر ترین گروپ کے عون چودھری کو وزیراعظم کا مشیر مقررکیا گیا ہے۔ قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی وفاقی وزرا سے حلف لیا، حلف برداری کی تقریب آج صبح 11 بجے ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔