بجلی صارفین کیلئے بری خبر: قیمتوں میں 3 روپے 15 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

news-details

اسلام آباد:(منگل 19 اپریل 2022ع) بجلی صارفین کیلئے بری خبر، فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید 3روپے 15پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی گئی۔سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی جو کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی نیپرا بجلی مہنگی کرنے سے متعلق فیصلہ 27اپریل کو کرے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافہ مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ مارچ کے مہینے میں 10 ارب یونٹ بجلی پیدا ہوئی، جس سے بجلی کی پیداواری لاگت 94 ارب روپے رہی۔
فرنس آئل سے 22 روپے 52 پیسے فی یونٹ میں مہنگی ترین بجلی پیدا کی گئی، ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 14 روپے 36 پیسے فی یونٹ رہی اور 17 روپے 35 پیسے فی یونٹ میں ایران سے بجلی درآمد کی گئی جبکہ 27 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نظر ہوگئی۔
واضح رہے کہ نیپرا نے ابھی چند روز قبل بجلی 4 روپے 85 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی جو حکومتی منتقلی کے بعد بجلی صارفین کیلئے پہلا جھٹکا تھا۔ یہ اضافہ اپریل کے لیے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا، سی پی پی اے-جی نے 4 روپے 94 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی۔