وزیراعظم شہباز شریف کا سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم

news-details

اسلام آباد:(جمعرات 21 اپریل 2022ع) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق وزیراعظم عمران خان کی فول پروف سکیورٹی یقینی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ شہباز شریف نے عمران خان کو سکیورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کی سخت ہدایت کی، وزیراعظم نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز کو ہنگامی خط لکھ دیا، جس میں عمران خان کے لئے سخت حفاظتی اقدامات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزارت داخلہ کے ہنگامی مراسلہ میں لکھا گیا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں، ان کی سخت سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔عمران خان کی بنی گالہ رہائش پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر سکیورٹی حکام ضروری اقدامات یقینی بنائیں۔ مراسلے میں یہ بھی لکھا گیا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔