وزیرِاعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی الگ الگ ملاقاتیں

news-details

اسلام آباد:(جمعرات 21 اپریل 2022ع) وزیر اعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ملاقات میں وزیرِ اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی، وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی ریلیف کیلئے صوبے اور وفاق مل کر کام کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران جو ریلیف پیکیج دیا گیا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال بھی کیا گیا، وزیراعلی سندھ نے وزیراعظم کو کابینہ کے پہلے اجلاس میں ملکی ترقی کیلئے باہمی تعاون سے کام کرنے کے عزم پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو سندھ کے انتظامی امور پر بھی بریفنگ دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح مہنگائی کی چکی میں پسی ہوئی عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔ عوامی ریلیف کیلئے صوبے اور وفاق مل کر کام کریں گے۔
دوسری جانب وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللّہ اور خواجہ سعد رفیق بھی شریک تھے، دونوں رہنماؤں نے موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔