news-details

کوئٹہ: کاہان میں دہشت گردوں کا فورسز کی چوکی پر حملہ، میجر شہید

کوئٹہ:(جمعه 22 اپریل 2022ع) آواران کے علاقہ کاہان میں دہشت گردوں کے فورسز کی چوکی پر حملے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان آواران کے علاقہ کاہان میں گزشتہ رات دہشت گردوں نے فورسز کی چوکی پر حملہ کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں میجر شاہد بشیر شہید جب کہ ایک سپاہی زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کا قریبی پہاڑوں میں تعاقب کیا، جس پر فرار سے روکنے پر دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی، فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ اور شدید جھڑپ کے دوران میجر شاہد بشیر جام شہادت نوش کر گئے، جب کہ جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کو بھاری نقصان پہنچاتے ہوئے ایک اور سپاہی زخمی ہو گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنائیں گی۔