news-details

کابینہ میں نئے وزرا کی شمولیت: صدر مملکت نے تین وزرا اور ایک وزیرمملکت سے حلف لے لیا

اسلام آباد:(جمعه 22 اپریل 2022ع) تین وفاقی وزرا اورایک وزیرمملکت کابینہ میں شامل ہوگئے۔ صدرمملکت عارف علوی نے وزرا سے حلف لیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ میں توسیع کے سلسلے میں آج 3 وفاقی وزرا اورایک وزیرمملکت نےحلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب ایوان صدرمیں ہوئی۔ صدرمملکت عارف علوی نے نئے وزرا سے حلف لیا ۔اس سے قبل صدر عارف علوی نے وزیراعظم شہبازشریف اورکابینہ سے حلف نہیں لیا تھا۔
تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے۔ مسلم لیگ ن کے میاں جاوید لطیف، بی این پی مینگل کے آغا حسن بلوچ اور مسلم لیگ ق کے چودھری سالک حسین نے وفاقی وزیر جبکہ بی این پی کے ہاشم نوتیزئی نے وزیرمملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا۔
آج حلف اٹھانے والے وزرا میں چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے اور(ق) لیگ کے رہنما چوہدری سالک حسین، بی این پی (مینگل) کے آغا حسن بلوچ اور(ن) لیگ کے میاں جاوید لطیف شامل ہیں۔ بی این پی (مینگل) سے تعلق رکھنے والے محمد ہاشم نوتیزئی نے وزیرمملکت کا حلف اٹھایا۔