news-details
لاہور

شہباز شریف کیخلاف انکوائری کرنیوالے سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان انتقال کر گئے

لاہور:(پير: 09 مئي 2022ع) شہباز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ سمیت مختلف مشہور مقدمات کی انکوائری کرنے والے سابق ڈائریکٹر ایف آئی اے ڈاکٹر رضوان انتقال کرگئے۔ ڈاکٹر رضوان کو لاہور میں دل کا دورہ پڑا جس سے وہ زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ جوہر ٹاؤن کے رہنے والے تھے۔ ان کی پہچان ایک دلیر اور فرض شناس افسر کے طور پر تھی۔ وہ شہباز شریف کیخلاف انکوائری کررہے تھے اور موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی انہیں عہدے سے ہٹادیا تھا۔ انہوں نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی بھی تحقیقات کیں۔
وہ شوگر مافیا کیخلاف تحقیقات کرنے والی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ بھی تھے اور مافیا کے دباؤ پر انہیں ہٹایا گیا تھا۔ وہ ایس ایس پی شکار پور بھی رہے جہاں انہوں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ پی پی کے وزیر امتیاز شیخ، سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتلوں، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔ اس پر وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر رضوان کے خلاف انکوائری شروع کرادی تھی۔
ڈاکٹر رضوان نے نقیب اللہ قتل کیس کی بھی تفتیش کی تھی جس میں انہوں نے ہر طرح کے دباؤ کا سامنا کیا تھا، بالآخر انہیں اس عہدے سے بھی ہٹادیا گیا تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹ میں ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ شہباز شریف کیخلاف TT کیس کرنیوالے بہادر ڈائریکٹر FIA ڈاکٹر رضوان خالق حقیقی سے جا ملے۔ خدا ان کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے بہت دلیر اور فرض شناس شخص دنیا سے گیا ہے۔