news-details
اسلام آباد

نااہل حکومت ہم پر مسلط کردی گئی ہے، ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں جلد انتخابات کرائیں: شیخ رشید

اسلام آباد:(پير: 09 مئي 2022ع) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت ہم پر مسلط کردی گئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے خود پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، اے این ایف کیس میں ملزمان پر وکلاء نے فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، جب کہ میرا بھتیجا روز عدالت میں ذلیل و خوار ہورہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں جلد انتخابات کرائیں، نواز شریف نے 14مرتبہ فوج اور آرمی چیف پر تنقید کی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ف، ن لیگ نے بھی عوامی رابطہ مہم شروع کر دی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کو حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی تقرری کے فیصلہ پر نظرثانی کا حکم دے دیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے حنیف عباسی کی بطور معاون خصوصی برائے وزیر اعظم کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حنیف عباسی کو ٹرائل کورٹ سزا دے چکی ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے صرف ان کی سزا معطل کی ہے۔
چیف جسٹس نے شیخ رشید کوروسٹرم پر بلا کر ریمارکس دیئے کہ جلسوں میں روز کہا جاتا ہے کہ عدالتیں رات کو کیوں کھلی ؟ اس عدالت میں لاپتہ افراد، بلوچ سٹوڈنٹس کیسز ہیں، عوام کا اعتماد خراب نہ کریں، منگل تک کا وقت دیتے ہیں سوچ لیں کہ عدالت پر اعتماد ہے یا نہیں، کیس دوسری عدالت منتقل کر دیتے ہیں۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ وہ سوچ سمجھ کر آئے ہیں اور عدالت پر مکمل اعتماد ہے۔