news-details
اسلام آباد

گورنر پنجاب شرافت سے گھر چلے جائیں اور اپنی عزت مزید خراب نہ کریں توبہتر ہوگا:رانا ثناءاللہ

اسلام آباد:(پير: 09 مئي 2022ع) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمرسرفراز چیمہ کوخبردار کردیا۔ رانا ثنا نے کہا کہ چند گھنٹوں کے گورنر موصوف شرافت سے گھر چلے جائیں اور اپنی عزت مزید خراب نہ کریں توبہتر ہوگا، صدر عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر چیمہ ایسا کوئی کام نہ کریں کہ تاریخ اور عوام آپ پر تھو تھو کرتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی، صدر مملکت اور گورنر پنجاب آئین اور سپریم کورٹ کے حکم پر چلیں، کسی بھی خلاف ورزی سے باز رہیں۔ رانا ثنا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے صدر کے پاس کوئی ’اِن ہیرنٹ‘ یا ’ریذیڈیول‘ اختیارات نہیں، پارلیمانی جمہوریت میں صدر کا منصب علامتی ہوتا ہے، اُن کے پاس ’ویٹو‘ کا اختیار نہیں، صدر عارف علوی پی ٹی آئی سیکریٹریٹ اورعمران خان کے غلام نہ بنیں بلکہ آئین پر چلیں۔
رانا ثنا نے مزید کہا کہ عمرچیمہ جاتے جاتے کوئی نیا گند گھولنے سے باز رہیں اور شرافت سے گھر چلے جائیں، آئین سے ہٹنے والوں کو آئین، عدالت اور عوام کی سزا کے لئے تیار رہنا ہوگا۔