news-details
لندن

عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں میاں نواز شریف سے ملاقات

لندن:(بدهه: 11 مئي 2022ع) وزیراعظم شہباز شریف نے عہدہ سنبھالنے کے بعد لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سے ملاقات کیلئے لندن پہنچ گئے۔ جہاں پر ان کی سابق وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات ہوئی ہے، ملاقات میں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران لیگی قائد نے سابق صدر آصف زرداری سے فون پر ہونے والی گفتگو سے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ دوسری طرف ن لیگ کی نائب صدر اور نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لندن میں نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ایک تصویر میں شہباز شریف کو اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے جھک کر گلے ملتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یاد رہے کہ لندن میں ن لیگ کا اہم اجلاس آج ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ وفاقی وزراء احسن اقبال، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، خواجہ آصف اور خرم دستگیر بھی لندن پہنچے ہیں۔