تحریک انصاف کا لانگ مارچ: حکومت کا اہم شخصیات کو نظربند کرنے پر غور

news-details

لاہور:(بدهه: 11 مئي 2022ع) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت مخالف تحریک پر اہم شخصیات کو نظربند کرنے پر غور شروع کر دیا گیا۔ حکومت نے پی ٹی آئی کی حکومت مخالف تحریک پر جارحانہ انداز اپنانے کا فیصلہ کر لیا۔ دھرنوں، لانگ مارچ اور خونی مارچ کی باتوں پر حکومت نے اہم شخصیات کو نظر بند کرنے پرغور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے حکومت نے ابتدائی منصوبہ بندی جاری کر دی ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ملک جام کرنے اور دھرنے کا امکان ہے۔ جس پر اہم اداروں کی جانب سے حکومت کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کو نکلنے سے روکنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اہم اداروں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لانگ مارچ کو سڑکوں پر روکنا آسان نہیں ہو گا۔ جس پر حکومت نے ابتدائی پلان بنا لیا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ نکلنے نہیں دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن کے اہم رہنماؤں کی نظر بندی کی تجویز بھی دے دی گئی ہے تاہم وفاقی کابینہ اور اتحادی قائدین کی مشاورت سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔