مہنگائی مہینے میں نہیں آتی بلکہ یہ 4 سال کا سفر ہے، حکومتی ذمہ داری ہے احتساب کو برقرار رکھے:شاہد خاقان

news-details

کراچی:(پير: 16 مئي 2022ع) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کے معاملات عوام کے سامنے آچکے ہیں، اب حکومت کی ذمہ داری ہے کہ احتساب کے عمل کو بھی برقرار رکھے اور نیب بھی ختم کرے۔ کراچی کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی حکومت نے 4 سال میں خرابیاں پیدا کی ہیں اور ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ معاملات پر قابو پانے کی کوشش کی جائے، لہٰذا آج ہمیں ملک کو اولین ترجیح دینی پڑے گی اور سیاسی مفادات کو پیچھے ڈالنا پڑے گا کیونکہ جو حالات ہیں ان میں سیاست ثانوی حیثیت اختیار کرگئی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ غلطیاں کسی اور کی ہیں، معیشت کی حالت کو ملاحظہ کرلیں، معاملات گہرے اور تشویشناک ہے۔ آج مشکل فیصلوں میں سب کو اپنا حصہ ڈالنا پڑے گا۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مہنگائی مہینے میں نہیں آتی بلکہ یہ 4 سال کا سفر ہے، ہم نے 97 میں بھی یہی حالات دیکھے مگر ہم نے مہنگائی کم کی۔ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن، کوتاہیوں کی مثال کسی اور ملک میں نہیں ملے گی۔ قرض پر قرض لیتے رہے اور ملک چلاتے رہے۔ انشا اللہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے۔ عوام کے لیے خوش خبری ہے کہ عمران خان سے جان چھوٹ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئیں، جو بھی فیصلے ہوں گے ان کی بڑی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی اور پیٹرولیم کی قیمتوں پر جو فیصلہ مارچ کو ہوا آج بڑی قیمت ملک کو ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ حکومت نے فروری میں جو وعدے آئی ایم ایف سے کیے وہ چند دنوں میں نفی کر گئے، اس سال 6 ہزار ارب کا خسارہ ہے۔ دوسری جانب احتساب عدالت میں شاہد خاقان عباسی اور دیگر کیخلاف پی ایس او میں بھرتیوں کے ریفرنس کی سماعت ہوئی، عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر پیش ہوئے۔ سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق کی جانب سے نیب آرڈننس کے تحت درخواست دائر کی ہوئی ہے۔ سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی جانب سے مقدمے سے بریت کی درخواست دائر کی ہوئی ہے۔