پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے، نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے: وزیر خارجہ

news-details

بیجنگ:(اتوار: 22 مئی 2022ع) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کسی کو بھی پاکستان چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے چینی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے اور ہر مشکل وقت میں چین کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چینی شہریوں پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتا ہے اور چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وزیر اعظم اور پاکستانی قوم کی جانب سے چین کے لیے نیک خواہشات لایا ہوں۔ میرا دورہ دو طرفہ تعلقات کے 71ویں سالگرہ کے موقع پر اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین دوستی نہ صر ف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لیے بھی ضروری ہے اور بطور وزیر خارجہ چین کے پہلے دورے پر انتہائی مسرت ہے۔ سی پیک منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ملک افغانستان میں امن اور استحکام کا خواہشمند ہے اور کسی کو بھی پاکستان چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کر رہا ہے۔