عون چوہدری کے الزامات: عثمان بزدار نے 50 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا

news-details

لاہور:(اتوار: 22 مئی 2022ع) سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کو 50 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا۔ پی ٹی آئی کے منحرف رکن اور جہانگیر ترین گروپ کے سینئر رہنما عون چوہدری کو سابق وزیر اعلی سردارعثمان بزدار نے 50 کروڑ روپے کا لیگل نوٹس بھیج دیا ہے، اور الزام عائد کیا ہے کہ عون چوہدری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ان پر بے بنیاد الزامات عائد کئے ہیں۔
لیگل نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں عون چوہدری نے بے بنیاد الزامات لگائے، عون چوہدری بے بنیاد الزامات پر معافی مانگیں ورنہ میں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کروں گا، الزمات واپس نہ لینے اور معافی نہ مانگنے کی صورت میں 50 کروڑ ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ عون چودھری نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں کہا تھا کہ پنجاب میں پوسٹنگ اور ٹرانسفر کے حوالے سے خواب بنی گالہ میں دیکھا جاتا تھا اور بیگ لاہور پہنچ جاتا تھا، اس معاملے میں خاور مانیکا اور ان کے بیٹے سمیت سارا گینگ ملوث تھا۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ میں نے عمران خان کو بتایا تھا پنجاب کو فرح گوگی اور احسن گجر چلا رہے ہیں۔