news-details
مري

مری: گلیات میں ریس لگاتے ہوئے بس کھائی میں جا گری،8 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مری:(پير: 23 مئی 2022ع) گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر کوسٹر کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ مری کے گلیات روڈ پر خیرہ گلی کے مقام پر دو بسیں آپس میں ٹکرانے کے بعد ایک کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں، جب کہ کچھ دیر کے بعد ریسکیو اور پولیس کی ٹیمیں بھی پہنچ گئیں۔ ترجمان ریسکیو نے بتایا کہ حادثے میں ایک کوسٹر کھائی میں گرگئی جس کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ریسکیو 1122 مری اور کے پی کے اہلکار امدادی آپریشن میں مصروف ہیں، اور ابھی تک حادثے میں زخمی ہونے والے 12 افراد کو تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال مری منتقل کردیا گیا ہے، جب کہ 8 افراد کی لاشیں بھی نکالی جاچکی ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مری ٹریفک حادثہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر مری کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے.
ریسکیوذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔ زخمی مسافر کا کہنا ہے کہ بس ڈرائیور سفر کے دوران ریس لگا رہے تھے جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دو بسیں آپس میں ریس لگاتے ہوئے ٹکرا گئیں ۔ جس کے باعث ایک بس کھائی میں جا گری۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر مری کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔