news-details
اسلام آباد

تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے حکومت کی تیاریاں شروع، دیگر صوبوں سے پولیس اور رینجرز طلب

اسلام آباد:(پير: 23 مئی 2022ع) حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے دیگر صوبوں سے پولیس ایف سی اور رینجرز طلب کرلی ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا، دوسری جانب وفاقی حکومت نے بھی لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے ہر پہلو سے تیاریاں شروع کر دی ہیں، اور وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس اور انتظامیہ کو اقدامات مکمل کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والے لانگ مارچ کے شرکاء سے سختی سے پیش آیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے حکومت نے دیگر صوبوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے، پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اور رینجرز بھی طلب کی جا رہی ہے، اور آج رات سے دیگر صوبوں سے بلائی گئی نفری پہنچنا شروع ہو جائے گی، جب کہ آپریشنل پولیس کوآج قیدی وینز، واٹر کینن اور دیگر سامان فراہم کر دیا جائے گا۔