عمران خان پاکستان دشمن لابی کی سیاست کر رہے ہیں، لانگ مارچ میں کچھ ہوا تو قانون اپنا راستہ لے گا: احسن اقبال

news-details

اسلام آباد:(پير: 23 مئی 2022ع) وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان دشمن لابی کی سیاست کر رہے ہیں۔ انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ الیکشن کا فیصلہ اتحادی حکومت کرے گی۔ وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اگلے الیکشن کا فیصلہ اتحادی حکومت کرے گی۔ عمران خان اداروں کے درمیان بداعتمادی پیداکررہےہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ عمرا ن خان 2014 سے انتشار کی کوشش کررہے ہیں،انارکی پھیلا کر سیاست کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمران خان کو آئین اور قانون کے مطابق سیاست کی اجازت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملک کی اینٹ سے اینٹ بجانے والوں کا حساب 4 ہفتے کی حکومت نے نہیں دینا۔آئی ایم ایف کے ساتھ پی ٹی آئی نے عوام دشمن معاہدہ کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی سیاست پاکستان دشمن لابی کی سیاست ہے، عمران خان 2014ء سے ملک میں پولرائزیشن پھیلانے اوراداروں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، شہریوں اور اداروں میں بداعتمادی پیدا کرنا اور قومی اداروں کی قیادت کی کردار کشی کرنا وہ ٹولز ہیں جو ہائبرڈ وارز میں دشمن استعمال کرتے ہیں۔ وزیرمنصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کی فلم ختم ہوئی تواب آزادی پاکستان کی فلم شروع ہوگئی ہے۔ نیازی نوجوانوں کو نفسیاتی غلام بنا رہا ہے کہ پاکستان غلام قوم ہے۔ ایٹمی ملک غلام نہیں ہوسکتا اور نہ ہی کوئی اسے میلی آنکھ سے دیکھ سکتا ہے۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ الیکشن سے متعلق خبریں ڈس انفارمیشن کا حصہ ہیں۔ نیازی کی سوشل میڈیا ٹیم ملک میں کنفیوژن پھیلا رہی ہے۔ عمران خان کی 4 سالہ عذاب حکومت کی معاشی بدحالی کے اثرات کئی سالوں تک رہیں گے۔معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی گئی اسے4 ہفتوں میں کیسے ٹھیک کریں۔افراط زر قابو میں لانے کے لئے وقت لگے گا۔ عمران خان اورمشیروں کو خراب معیشت کا جواب دینا ہوگا۔