یہ جو بھی کرلیں ہم انشااللہ رکاوٹیں پار کر کے اسلام آباد ڈٰی چوک پہنچیں گے: عمران خان

news-details

صوابی:(بدهه: 25مئی 2022ع) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ کوئی رکاوٹ ہمیں نہیں روک سکتی۔ ہر حال میں اسلام آباد ڈی چوک پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ صوابی پہنچنے پر عمران خان نے کنٹینرسے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ جو چوروں کا ٹولہ ہے۔ جس میں امریکا کے نوکر اور پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ ہیں۔ انہوں نے عوام سے خوفزدہ ہوکر سارے پاکستان میں کنٹینر لگائے ہیں۔
انہوں نے کہاہے کہ دیواریں پھلانگ کے ہمارے لوگوں کو پکڑا اور عورتوں کو تنگ کیا گیا۔ یہ جو بھی کرلیں ہم انشااللہ رکاوٹیں پار کر کے اسلام آباد ڈٰی چوک پہنچیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب یہ لانگ مارچ کر رہے تھے ہم نے کسی کو نہیں روکا، ہمارے دور میں ڈیزل، بلاول اور مریم نے مارچ کیا لیکن ہم نے کوئی رکاوٹیں نہیں رکھیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا احتجاج پر امن ہوگا، ہم نے ہمیشہ پر امن احتجاج کیا۔یہ ہمارا حق ہے، ہم اس ملک کو اکٹھا کر کے ایک قوم بنا رہے ہیں۔ ایسی قوم جو کسی کی غلامی نہیں کرے گی۔جو امریکی امپورٹڈ حکومت کو قبول نہیں کرتی۔ ان کا کہنا ہے کہ بچوں بڑوں ، جوانوں اور خواتین سب نے گھروں سےنکلنا ہے اس ملک کو آزاد کرنے کے لیے گھروں سے نکلنا ہے۔
اس سے قبل عمران خان کا قافلہ صوابی ریسٹ ایریا پہنچا جہاں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چوروں کا ٹولہ امریکا کے نوکر عوام سے خوفزدہ ہو چکے ہیں، غلام حکومت نے ہمارے لوگوں کو گرفتار کیا، اس کے برعکس مولانا فضل الرحمان اور بلاول بھی لانگ مارچ کر چکے ہیں، مریم نواز بھی لانگ مارچ کرنے نکلی تھیں لیکن ہم نے کسی لانگ مارچ میں خلل پیدا نہیں کیا، ہم پرامن احتجاج کریں گے اور ڈی چوک پہنچیں گے۔