اسلحہ برآمد ہونا خونی مارچ کا ثبوت ہے، عمران خان کو کسی بھی صورت اسلام آباد نہیں آنے دیں گے: رانا ثناءاللہ

news-details

اسلام آباد:(بدهه: 25مئی 2022ع) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو کسی بھی صورت اسلام آباد نہیں آنے دیں گے، پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری کے گھر سے اسلحہ برآمد ہونا خونی مارچ کا ثبوت ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی آئین، قانون اور امن کا راستہ اپنائیں ، عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب ہوچکا ، یہ شخص اقتدار کیلئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے، راستوں کی بندش سے شہریوں کی مشکلات کا پورا احساس ہے ،بڑے قومی مقصد کے حصول کیلئے ایسی تکلیف کوئی حیثیت نہیں رکھتی، دھرنا سیاست یامارچ سے پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا۔
مریم نواز کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ عمران خان کو اسلام آباد آنے دیں، دیکھتے ہیں ان میں کتنا دم ہے۔ عمران خان احتجاج کی آڑ میں خونی کھیل تماشا کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے اسلحہ اور آنسو گیس کے شیل جمع کررکھے ہیں، ملک کو کسی صورت سری لنکا نہیں بننے دیں گے۔ اپنی ایک ٹویٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ لاہور میں پی ٹی آئی عہدیداروں زبیر نیازی اور بجاش نیازی کی گاڑیوں سےاسلحہ ملا، یہ نام نہاد لانگ مارچ کا بدصورت چہرہ ہے، ان کے ارادے عیاں ہو چکے ہیں۔