news-details
کوئٹہ‎

بلوچستان کے 32اضلاع میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل جاری، پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات

کوئٹہ:(اتوار: 29 مئی 2022ع) کوئٹہ اورلسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں آج بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں، پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق 32 اضلاع میں 5 ہزار 226 پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں سے 2 ہزار 54 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، ایک ہزار 974 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے 102 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات ہیں۔
سبی، ڈیرہ بگٹی، پشین ، بارکھان ، چاغی ، قلات اور ژوب سمیت سوراب میں بھی پولنگ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر سوراب کے مطابق علاقے میں ووٹرز کی کل تعداد 57 ہزار 339 ہے، ضلع بھرمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ دوسری جانب بولان کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگ میں جعلی ووٹ کے اندراج پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ روک دی گئی تاہم کچھ دیر بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام الیکشن دوران کسی قسم کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔