بلوچستان بلدیاتی انتخابات: ووٹنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

news-details

کوئٹہ:(اتوار: 29 مئی 2022ع) 9 برس بعد بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد کیا گیا جس میں مقامی نمائندوں کے انتخاب کیلئے ووٹنگ کا مقرر وقت ختم ہوگیا ہے، پولنگ سٹیشنز کی حدود میں موجود شہریوں کو حق رائے دہی کی اجازت دی گئی، 16 ہزار سے زائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ، سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے، تربت، چمن اور ڈیرہ بگٹی میں لڑائی جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے۔
بلدیاتی انتخابات میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی، باقی 2 اضلاع کوئٹہ اور لسبیلہ میں انتخابات کے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا کیونکہ صوبائی حکومت کی جانب سے حلقہ بندیوں میں اضافے کے بعد وہاں انتخابات کی حلقہ بندی جاری ہے۔ 32 اضلاع میں 5 ہزار 226 پولنگ سٹیشنز ہیں جن میں سے 2 ہزار 54 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، ایک ہزار 974 حساس قرار دیئے گئے۔ الیکشن میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے 102 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات ہیں۔
سبی، ڈیرہ بگٹی، پشین، بارکھان، چاغی، قلات اور ژوب سمیت سوراب میں بھی پولنگ ہوئی، ڈپٹی کمشنر سوراب کے مطابق علاقے میں ووٹرز کی کل تعداد 57 ہزار 339 ہے، ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ دوسری جانب بولان کے پولنگ سٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگ میں جعلی ووٹ کے اندراج پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ روک دی گئی تاہم کچھ دیر بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا تھا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عوام الیکشن دوران کسی قسم کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔
صوبے میں پہلی بار 132 خواتین امیدوار براہ راست جنرل نشستوں پر الیکشن لڑ رہی ہیں جہاں ان کا مقابلہ مرد امیدواروں سے ہے، ان خواتین میں سے زیادہ تر کا تعلق ضلع کوہلو سے ہے جہاں سے 22 خواتین میدان میں ہیں، اس کے بعد 21 کا تعلق ضلع کیچ سے ہے۔ دیگر خواتین امیدوار سبی، پشین، خاران، واشک، بارکھان، نصیر آباد، جعفر آباد، صحبت پور، کچھی، قلات، خضدار، لورالائی، گوادر، پنجگور اور ڈیرہ بگٹی سے ہیں۔ بلوچستان بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور لڑائی جھگڑے سے ایک شخص جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے، ڈیرہ بگٹی میں 3 راکٹ فائر کئے گئے، قلات میں پولنگ سٹیشن پر دستی بم حملے سے دو اہلکار زخمی ہوئے۔
بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے لیے صوبے کے 32 اضلاع میں پولنگ ، الیکشن کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے ہوئے، فائرنگ اور بم حملوں کے واقعات رپورٹ ہوئے، قلات کے علاقے منگچر جوہان کراس بازار کے قریب روڈ کنارے نصب بم دھماکے سے ایک شخص زخمی ہوا، قلات میں ہی میونسپل کمیٹی انٹر کالج پولنگ سٹیشن پر دستی بم حملہ کیا گیا جس سے ڈیوٹی پر مامور دو لیوز اہلکار زخمی ہوئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے، نوشکی میں یوسی 1 وارڈ نمبر 7 پدگ میں دو گروپوں میں معمولی تکرار پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا، زخمی شخص ہسپتال منتقلی کے وقت زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے چل بسا، بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں پولنگ سٹیشن پر نامعلوم سمت سے 3 راکٹ فائر ہوئے جو پولنگ سٹیشن میں موجود لیویز چوکی کے قریب گرے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ڈیرہ بگٹی میں ضلع کوہلو یونین کونسل 6 وارڈ نمبر 2 مصری خان ماکوڑی میں لڑائی کے دوران 8 افراد زخمی ہوئے، جبکہ کوہلو میں مونسپل کمیٹی وارڈ نمبر 1 کے فیمیل پولنگ اسٹیش میں ہاتھا پائی سے 4 افراد زخمی ہوئے، لورالائی کے علاقے کلی زنگیوال پولنگ سٹیشن میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان جھگڑے سے ایک شخص زخمی ہوا۔