اسرائیل کا دورہ کرنیوالے پی ٹی وی کے اینکر کو برطرف کر دیا گیا ہے: مریم اورنگزیب

news-details

اسلام آباد:(پير: 30 مئی 2022ع) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ اسرائیل کا دورہ کرنے والے پی ٹی وی کے اینکر کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مذکورہ اینکر نے دورہ اپنی ذاتی حیثیت میں کیا تھا، فلسطین کی حمایت میں پاکستانی پالیسی میں کوئی تبدیلی آئی ہے نہ آئے گی، فلسطین پر پاکستان کی ریاستی پالیسی واضح اور بابائے قوم قائداعظم کے فرمودات پر مبنی ہے۔
وزیراطلاعات نے اہم پالیسی بیان میں کہا کہ فلسطین پر پاکستان کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے منافی کوئی پالیسی یا اقدام نہیں ہوسکتا، پاکستان مسئلہ فلسطین اور اسرائیل سے متعلق اپنے روایتی اور اصولی موقف پر سختی سے کاربند ہے، وزارت خارجہ واضح کرچکی ہے کہ پاکستان سے کوئی وفد اسرائیل نہیں گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کے استصواب رائے کے حق کی مکمل حمایت کرتے ہیں، دنیا دو ریاستی حل کو خطے میں پائیدار امن کا ضامن تصور کرتی ہے، 1967 سے پہلے کی سرحدوں، بیت المقدس دارالحکومت اور جغرافیائی وحدت کی حامل فلسطینی ریاست کا وعدہ پورا کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطین اور جموں و کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر دیرینہ ترین امور ہیں جن کا حل عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، ان دونوں مسائل کے منصفانہ حل تک دنیا میں پائیدار امن ایک خواب ہی رہے گا۔