پرویز الٰہی کا پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کی فوری تاریخ نہ دینے اور قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ

news-details

پرویز الٰہی کا پی ٹی آئی کو لانگ مارچ کی فوری تاریخ نہ دینے اور قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ
لاہور:(منگل: 31 مئی 2022ع) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو لانگ مارچ کی فوری تاریخ نہ دینے کا مشورہ دے دیا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ہونے والی ملاقات میں پرویز الٰہی نے مشورہ دیا کہ تحریک انصاف کی قیادت ابھی کچھ روز کےلیے لانگ مارچ نہ کرے، اگر ضروری بھی ہو تو ایک ماہ کے بعد کی تاریخ دیں۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان تو فوری لانگ مارچ کرنا چاہتے ہیں، آپ کی تجویز پر عمران خان اور پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔
پرویز الٰہی کا تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ
سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے استعفوں پر نظرثانی کا مشورہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور چوہدری پرویزالہی کی گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالہی نے تحریک انصاف کی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ پارلیمنٹ حکومت کے خلاف آواز بلند کرنے کا جمہوری فورم ہے، اس لئے تحریک انصاف قومی اسمبلی سے استعفوں کے معاملے پر نظرثانی کرے۔
چوہدری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایوان سے باہر آکر اپنے لئے مزید مشکلات پیدا کرے گی۔ پارلیمان کے اندر اور باہر بھرپور اپوزیشن کرنی چاہیے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آپکے مشورے سے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کرونگا۔ چوہدری پرویزالہی نے پنجاب میں 20 حلقوں پر ضمنی انتخاب کیلئے مسلم لیگ ق کی جانب سے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔