کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا: مریم نواز

news-details

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 3 جون، 2022عہ) مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت مشکل ترین معاشی حالات میں بھی پوری محنت اور توجہ سے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے، ہمیں عوام کو درپیش مسائل کا احساس اور ادراک ہے۔
جاری کردہ بیان میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سرتوڑ کوشش اور معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے، ان شا اللہ آیندہ دنوں میں بہتری آئے گی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان دور کے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پٹرول اور مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہے ہیں، مہنگائی نے گزشتہ 4 برس سے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے، مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔
نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عوام ناصرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکی ہے بلکہ عوام کو یہ بھی معلوم ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے، ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔