عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں: راناثناءاللہ

news-details

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 5 جون، 2022عہ) وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں، قانون کے مطابق عمران نیازی کو سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے اور قانون کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو فراہم کی گئی” یہی“ سیکیورٹی عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران نیازی کوگرفتار کرلے گی۔
وزیر داخلہ کاکہنا تھا کہ عمران نیازی فتنہ و فساد اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے، ‏اخلاقی اور جمہوری قدروں سے عاری شخص کس طرح سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے۔
رانا ثناءاللہ نے مزید کہا کہ نیب قانون کی کسی ترمیم سے کوئی موجودہ کیس ختم نہیں ہوا، نیب نے ملک کی معیشت تباہ کی، ہم نے کاروبار اور سرمایہ کار برادری کو خوف سے نجات دلائی ہے، ہمارے خلاف چار سال میں کسی کیس کا کوئی ثبوت کسی عدالت میں نہیں دیا گیا، پھر بھی ہم نے ڈٹ کر عدالتوں میں سیاسی انتقام کا سامنا کیا اور جیلیں کاٹیں
وزیر داخلہ نے کہا کہ 25 مئی کے بھگوڑے معیشت پہ بھاشن نہ دیں، پہلے چپڑاسی یہ بتائے کہ 25 مئی کو کہاں تھا، تم نے تو قبر تک ساتھ جانا تھا پھر اس دن اپنے باس کو چھوڑ کر کہاں روپوش تھے، واہ رے انقلاب، بھگوڑا پشاور بھاگ گیا اور چپڑاسی لال حویلی میں چھُپ گیا، خونی مارچ کے اعلان کرنے والا خود ہی مارچ کے دن سویا ہوا تھا، یہ دوسروں کے بے گناہ بچوں کی لاشوں پر اپنی سیاسی دکان چمکانے والے خون آشام چمگادڑ ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمرانی انقلاب ضمانتیں کروا رہا ہے اور خیبر پختونخواہ کی عوام کے پیسے پہ منرل واٹر پی رہا ہے، اور ہیلی کاپٹر کی سیر کر رہا ہے، کوئی بھی مسلح جتھہ وفاق پہ حملہ کرنے کا سوچے گا بھی برداشت نہیں کیا جائے گا