آئی ایم ایف سے قرض بڑھنے اور پیکج میں ایک سال کی توسیع توقع ہے: وزیر خزانہ

news-details

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 22جون، 2022عہ) وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پیکیج میں ایک سال کی توسیع اور قرض کی رقم بڑھنے کی توقع ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بیل آؤٹ پیکج میں ایک سال کی توسیع متوقع اور ائی ایم ایف قرض بڑھنے کی بھی امید ہے، آئی ایم ایف سے بنیادی طر پر بجٹ اور مالیاتی اقدامات پر اتفاق ہے۔

اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا ہدف 7 ہزار 5 ارب روپے سے بڑھا کر7 ہزار 450 ارب روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے جب کہ کسٹم وصولی کا ہدف 950 ارب روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 5 ارب روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے، پیٹرولیم مصنوعات پر ہرماہ 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے، جی ایس ٹی کی مد میں وصولیوں کا ہدف 3 ہزار8 ارب روپے سے بڑھا کر 3 ہزار 3 سو ارب روپے کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انکم ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا ہدف 55 ارب روپے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے جب کہ آئی ایم ایف کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر یکم جولائی سے سیلز ٹیکس 11 فیصد کی شرح سے وصول کیا جائے، آئی ایم ایف نے پیٹرولیم مصنوعات پر50 روپے فی لیٹرلیوی عائد کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے جس کےبعد پیٹرولیم مصنوعات پر ہرماہ 5 روپے فی لیٹر لیوی عائد کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔