چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی نیب بھی ذمہ دار ہے:وفاقی وزیر قانون

news-details

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 25 جون، 2022عہ) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی بحران میں دھکیلنے میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے والی نیب بھی ذمہ دار ہے، عمران خان کا نیب کے حوالے سے بیان جھوٹ پر مبنی ہے۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب میں جو ترامیم ہیں وہ عمران خان کا اپنا قانون تھا اور 80 فیصد ترامیم ان کی لائی ہوئی ہیں یہ وہ 80 فیصد ترامیم ہیں جو چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے دور اقتدار میں آرڈیننس کے ذریعے نافذ کی تھیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ یہ ترامیم اسلامی شریعت، آئین اور پاکستانی قوانین کے عین مطابق ہیں، عمران خان نے ملک کو تباہی میں دھکیل دیا تھا، ہم نے سرکاری ملازمین کو تحفظ دیا ہے تاکہ وہ نیب کی بلیک میلنگ کے بغیر ملک کی خدمت کرسکیں۔

اعظم نذیر تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ان ترامیم کو پارلیمنٹ میں لے جاکر ایکٹ یعنی قانون کی شکل دی ہے، تمام ترامیم آئین اور قانون کے عین مطابق ہیں، عمران خان اس معاملے پر عدالت سے رجوع کرچکے ہیں لہٰذا اس معاملے پر سیاسی بیان بازی سے احتراز کریں اور فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ صرف ایل این جی اور پیٹرولیم کے شعبے کو ہی دیکھ لیں تو نیب کی اندھی پالیسی کی وجہ سے قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا ٹیکہ لگایا گیا ہے، آزاد اور خودمختار پارلیمان میں بحث کے بعد نیب ترامیم منظور کی گئی ہیں، پاکستان نے یہ تمام کارروائی ٹیلی ویژن پر براہ راست دیکھی ہیں۔