news-details
اسلام آباد

چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے: عمران خان

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 28 جون، 2022عہ) چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نکمے،نااہل،بددیانت اور بد نام گروہ نے اپنی چوری بچانے کے لیے بغیر تیاری اقتدار پر قبضے کی سازش کی، پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط، کمزور معیشت اور کورونا کے باوجود عالمی مہنگائی کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں کیا تھا،تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا اجلاس سابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، مہنگائی کے عوام پر اثرات اور حکومتی اتحادیوں کی قومی اسمبلی میں تقاریر کے متن کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی ذمہ داران کو مہنگائی کے معاملے پر عوام کی بھرپور ترجمانی کی خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چوروں نے خود کو ریلیف دینے کے لیے عوام کو بدترین مہنگائی کی اذیت ناک تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے، ان تجربہ کار چوروں کے زیر سایہ حال کی طرح معیشت کا مستقبل بھی تاریک ہے، ہم نے متنبہ کیا تھا کہ نہایت محنت سے کھڑی کی گئی معیشت سیاسی عدم استحکام کا بوجھ برداشت نہیں کر پائے گی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے 9 ہفتوں میں مہنگائی کی صورت میں عوام سے اپنی غلامی کی قیمت وصول کی، 2 جولائی کو اسلام آباد میں عوام کے ساتھ مل کر ملک اور عوام کے خلاف شرمناک سازش پر تاریخی احتجاج کریں گے، پاکستان کو مزید دلدل میں گرنے سے بچانے کے لیے واحد راستہ صاف شفاف انتخابات ہیں۔