news-details
اسلام آباد

اسمبلی نے پیٹرولیم لیوی کی قیمت میں مرحلہ وار 50 روپے اضافے کی منظوری دے دی

اسلام آباد(آن لائین انڈس، 29 جون، 2022عہ)قومی اسمبلی نے پیٹرولیم لیوی کی قیمت میں مرحلہ وار 50 روپے اضافے کی منظوری دے دی، وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں گے،ہم نے یہ اس لیےکیا کہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے۔

اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کے اجلاس ہوا، جس میں فنانس بل 23-2022عہ کی منظوری کی تحریک پیش کی گئی، جسے ایوان نے منظورکرلیا۔

اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے آئندہ مالی سال میں مرحلہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم لیوی ٹیکس میں 50 روپے اضافے کی ایوان سے منظوری مانگی جس پر ایوان نے پیٹرولیم مصنوعات پر 50 روپے فی لیٹر لیوی عائدکرنےکی ترمیم منظورکرلی۔

اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ ہم ایسے ٹیکس لائے ہیں جو صاحب ثروت لوگوں پر لگیں گے،ہم نے یہ اس لیےکیا کہ عام آدمی پر بوجھ نہ پڑے، ہم نےجوتبدیلیاں کیں وہ پچھلی حکومت نےآئی ایم ایف سےطےکی تھیں، ہم صرف اپنے وعدوں کی پاسداری کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس وقت پیٹرولیم مصنوعات پرلیوی صفر ہے، پچاس روپے فی لیٹر لیوی یکمشت عائد نہیں کی جائےگی، پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی لگانےکا اختیار قومی اسمبلی نے حکومت کو دے رکھا ہے۔