news-details
لاہور

احتساب عدالت کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان شگر ملز ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کا تحریری حکم نامہ جاری

لاہور(آن لائین انڈس، 02 جولائی، 2022عہ) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان شگر ملز ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا، عدالت کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔

لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی دائر کردہ درخواست پر تین صفحات پر مشتمل حکم نامے میں احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی اعوان نے فیصلہ دیا کہ شہباز شریف 2021ء سے باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، اب شہباز شریف وزیر اعظم پاکستان بن چکے ہیں انہیں اور آئینی ذمے داریاں ادا کرنی ہیں، یہ حقیقت ہے کہ شہباز شریف کا ہر پیشی پر عدالت پیش ہونا مشکل ہے۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی،تمام حقائق اور حالات کے پیش نظر شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے ، تاہم شہباز شریف کا ذاتی حیثیت میں جب پیش ہونا عدالت کو درکار ہوگا تو وہ پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔

بعد از عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے محمد نواز ایڈووکیٹ کو حاضری کے لیے مقرر کرلیا۔