چوہدری شجاعت سے کوئی اختلاف نہیں، افواہیں پھیلانے والے ناکام اور نامراد ہیں: پرویز الاہی

news-details

گجرات(آن لائین انڈس، 11 جولائی، 2022عہ) اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الاہی کا کہنا کہ چوہدری شجاعت حسین سے تعلقات خراب ہونے عا علیحدگی کی باتیں من گھڑت ہیں، چوہدری شجاعت سے محبت کا تعلق مرتے دم تک رہےگا۔

میڈیاسے بات کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے کہا کہ ہمیشہ چوہدری شجاعت حسین کیلئے دعاگو ہوں، ہمارے درمیان افواہیں پھیلانے والے ناکام و نامراد رہیں گےچودھری شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا اور ہمارے درمیان دراڑ دیکھنے والے ہمیشہ ایسے ہی منہ تکتے رہیں گے۔

پرویز الاہی نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا کیونکہ شریف برادران ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتے رہے ہیں، شریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا، سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے ہر حلقے کا سروے لوٹوں کے خلاف ہے، پنجاب کے عوام ضمنی انتخابات میں ان حکمرانوں کے خلاف فیصلہ سنائیں گے،”تجربہ کاروں“ کی نالائقیاں ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں، شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے اور ضمنی انتخابات میں انشاء اللہ پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے جیتے گی، سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو الیکشن میں شکست فاش ہوگی۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دے کر نااہل حکمرانوں سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کریں۔