news-details

زندہ دلی سے جینے کا راز.

تحریر: ڈاکٹر منا خان
اس روز مرہ کی زندگی میں انسان کو نامواقف اور ناگزیر حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو کبھی کبھار ناقابل قبول ہوتے ہیں جن سے انسان شعلہ فشاں اور دل برداشتہ ہوجاتا ہے۔

چاہے وہ حالات گھر کے ہوں یا دوستوں کے ساتھ عام گفتگو کے متعلق ہوں یا کام کی جگہ پر اپنے ہم منصب کے ساتھ کیوں نہ ہو, انسان کو دل شکستہ کر دیتے ہیں اور اپنی عام سی زندگی میں کچھ اس طرح منتشر کر دیتے ہیں کے انسان اذیت میں مبتلا ہوکر ہر عام سی چیز کو اپنی طرف ایک سازش اور منفی نگاہ سے دیکھنے لگتا ہے اور عام لوگوں کے عام سے رویے کو بھی نقصان دہ سمجھ کر طرح طرح کے وسوسوں کا شکار ہوجاتا ہے۔

اس طرح کے جذبات آج کل کی زندگی میں عام ہیں، اور ہرفرد اور ہر سماج میں پائے جاتے ہیں، مگر عام حالات میں سازش کا روپ اور بدلے کی شکل نہیں لیتے، مصروف اور مطمئن زندگی، صبر، شکرگزاری اور عقل کا حالات اور جذبات کے اوپر حاوی ہونے کی وجہ سے دل کے اندر دبے چھپے رہتے ہیں اور ابھرتے نہیں ہیں،

اس عام اور چھوٹی زندگی کا تقاضا اور مقصد یہی ہے کہ انسان دشمن منفی جذبات کو فوقیت نہ دی جائے، اور ان کو دل کے قبرستان میں دفن کردیا جائے۔ اور اسکے برخلاف بے مقصدیت یہ ہے کے انکو ترجیح دی جائےاور اپنی انا کے ہاتھ دے کر دبے ھوئے جذبات کو مشتعل کیا جائے۔

انسان کا اپنے نفس کے ہاتھوں مجبور ہوجانا بہت آسان ہے، اور اس نفسانفسی کے عالم میں کوئی سماج،کوئی خاندان اور کوئی فرد اس سے نہیں بچ سکتا، مگر انسان کی کامیابی و کامرانی اور درخشاں ہونا اسی میں ہے کے وہ صبر و حکمت کا بیج بوئے اور ان دبے ہوئے منفی جذبات کو دبا رہنے دیا جائے، اور یہی زندہ دلی کا ثبوت ہے

کسی نے کیا خوب کہا ہے زندگی زندہ دلی کا ہے نام مردہ دل خاک جیا کرتے ہیں۔
Email:dr.minahkhan781@gmail.com