اسلام آباد(آن لائن انڈس، 09آگست، منگل، 2022) اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہناتھا کہ شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے مجسٹریٹ کی مدعیت میں ایف آئی آر کے اندراج کے بعد گرفتار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہتے تو شہباز گل کی گاڑی سے پندرہ کلو منشیات بھی برآمد ہو سکتی تھی،لیکن عمران خان کی طرح ہم کوئی غیر قانونی حرکت نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کی سربراہی میں سانحہ لسبیلہ پر منفی پروپیگنڈا کے لئے اجلاس ہوا،نجی ٹی وی چینل کا سازشی کردار بھی سامنے آیا ہے،لسبیلہ میں شہداء ہیلی کاپٹر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی منفی پروپیگنڈا کیا گیا۔ عمران خان کی ہدایت پر فواد چوہدری، شہباز گل اور نجی ٹی وی کی انتظامیہ نے سازشی کردار ادا کیا۔
رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ایک ادارے کے تمام رینکس میں بغاوت کو اکسانے کے لئے نا پاک جسارت کی گئی،اس ساری سازش کی تحقیقات اور سازشی کرداروں کا تعین کیا جارہا ہے،پاک افواج کی خدمات اور شہداء پر پوری قوم کو فخر ہے۔شیخ رشید کے بیان پر ردعمل میں ان کا کہنا تھا کہ شیخ رشید چلا ہوا کارتوس ہے انہیں عمران خان نے اس اجلاس میں بلایا ہی نہیں،تحقیقات جاری ہیں جو بھی کردار سامنے آئیں گے ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اداروں نے محرم الحرام کے دوران بہترین فرائض انجام دیئے،نویں دسویں محرم کے دوران پورے ملک میں ابھی تک کہیں کوئی نا خوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔