news-details

ایک شخص کو اقتدار کا نشہ پاگل کر رہا ہے، اداروں اورحکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی :آصف زرداری

کر اچی:(منگل: 23 اگست 2022ع) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ایک شخص کو اقتدار کا نشہ پاگل کر رہا ہے، وہ روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے۔ سندھ کے صوبائی وزرا نے آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں صوبے میں بارشوں اور سیلاب سے پیدا ہونے والی صورت حال اور ملک کے سیاسی حالات پر بات چیت کی گئی۔
آصف زرداری نے کہا کہ بارش کے باعث پورے ملک میں ہنگامی صورتحال ہے، چاروں صوبوں میں متاثرین کی نگاہیں ہماری طرف ہیں، ہمیں سیاست چھوڑ کر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں پر توجہ دینی چاہیے۔ عمران خان کا نام لئے بغیر سابق صدر مملکت نے کہا کہ ایک شخص کو اقتدار کا نشہ پاگل کر رہا ہے، یہ شخص ہر روز ہماری فوج پر تنقید کر رہا ہے، اسی فوج کےافسراورسپاہی دہشت گردوں سے جنگ لڑرہے ہیں.
آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ شخص عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے، کہتا ہے کہ مھجے گرفتار کرکے دکھاؤ، عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ کیا یہ شخص قانون سےبالاترہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے صدر نے کہا کہ کیا یہ شخص میرے،میاں نواز شریف، میری بہن اور مریم نواز کے خلاف ماروائے قانون انتقامی کاروائیاں کرسکتا ہے، کیایہ شخص ہر قانون کو روند سکتا ہے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ اداروں اورحکومت کو اپنی رٹ قائم کرنی پڑے گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اس شخص کی ہوس چڑھتے رہیں گے۔