وزیرا عظم شہباز شریف نے 24 گھنٹے میں بجلی صارفین کی شکایت دور کرنے کیلئے اعلٰی سطح کمیٹی قائم کرنے کا حکم دیا ہے: مریم اورنگزیب

news-details

اسلام آباد : (جمعہ 26 اگست 2022) وزیراعظم شہباز شریف نے 24 گھنٹے میں بجلی کی قیمت میں ریلیف کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ وزیر اعظم نے بجلی صارفین کی شکایات دور کرنے کیلئے اعلٰی سطح کمیٹی قائم کر دی ہے،24 گھنٹے کے اندر ریلیف کے تحت صارفین کے بلز کو کم کیا جائے۔
200 یونٹ تک بجلی کے بلوں میں وصول کردہ فیول چارج ایڈجسٹمنٹ کی رقم کی واپسی اور بلوں کی درستگی کیلئے چھٹی کے دن ڈسکوز اور بینک کھلے رہیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلز کی تصحیح کیلئے ڈسکوز کا اسٹاف 24 گھنٹے کام کرے گا،بلز کی تصحیح کیلئے تمام اسٹاف کی چھٹیاں ختم کر دی گئی ہیں،بلز جمع کروانے کیلئے بینک چھٹیوں کے دنوں میں کھلے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے فاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ ایک ماہ کیلئے 200 یونٹ والے صارفین کو فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں 22 ارب کی چھوٹ دی جارہی ہے،صارفین کو اکتوبر سے بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی محسوس ہو گی۔ خرم دستگیر نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی وجہ سے بل زائد آئے ہیں،بجلی کے بلوں میں جون کے فیول ایڈجسٹمنٹ لگ کر آئے ہیں۔
قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں بجلی بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ جسٹس شاہد وحید نے محمد صادق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے لیسکو صارفین کو فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے سوا باقی بل جمع کرانے کا حکم دیا۔عدالت نے وفاقی حکومت اور لیسکو سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 14 ستمبر کو جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت نے بجلی کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دی،درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کو غیر قانونی قرار دیکر کالعدم کرے۔